20 جون 2013 - 19:30
بےنظیر بھٹو کا 60 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

سابق وزیراعظم کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر بھٹو شہید بےنظیر ورکرز موومنٹ کی جانب سے لیاقت باغ راولپنڈی میں بی بی کی جائے شہادت پر ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کی گئی۔

ابنا: دو بار وزیراعظم بنیں، دو آمروں سے ٹکر لی، کئی سال ملک سے باہر جلاوطنی کاٹی، پابند سلاسل ہوئیں، ورثے میں شہادت پائی، باپ اور دو بھائی پہلے ہی اس راستے میں منوں مٹی تلے چلے گئے مگر پنکی نے پھر بھی ہمت نہ ہاری، جی ہاں! ہم بات کر رہے ہیں دختر مشرق محترمہ بےنظیر کی جنہوں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھ کر خواتین کو میدان عمل میں آنے کا حوصلہ دیا اور پہلی اسلامی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی پایا۔ عظیم باپ کی عظیم بیٹی کی آج ساٹھویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اپنی صاحبزادیوں کے ہمراہ نوڈیرو پہنچ چکے ہیں، جہاں انہوں نے شہید بی بی کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، صدر مملکت نے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی، جبکہ دوسری جانب محترمہ کی جائے شہادت پر دعائیہ تقریب منقعد کی گئی۔ سابق وزیراعظم کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر بھٹو شہید بےنظیر ورکرز موومنٹ کی جانب سے لیاقت باغ راولپنڈی میں بی بی کی جائے شہادت پر ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کی گئی۔ تقریب میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ...../169